ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / جاسوسی کے مقدمے میں محمد مرسی کو عمر قید

جاسوسی کے مقدمے میں محمد مرسی کو عمر قید

Sun, 19 Jun 2016 12:06:37    ایجنسی S.O. News Service

مصر کے اسلام پسند سابق صدر محمد مرسی کو جاسوسی کے مقدمے کی سماعت کے بعد عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔وہ ان کئی شخصیات میں سے ایک ہیں  جو قطر کو دستاویزات فراہم کرنے کے الزامات کا دفاع کررہے تھے۔محمد مرسی کے وکیل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا انھیں جاسوسی کے الزام سے تو بری کر دیا گیا ہے لیکن انھیں ایک غیر قانونی تنظیم کی سربراہی کے لیے مجرم قرار دیا گيا ہے۔اس مقدمے میں شامل چھ دوسرے افراد کو سزائے موت سنائی گئی ہے جن میں الجزیرہ کے دو صحافی بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فیصلے کے وقت یہ دونوں صحافی عدالت میں موجود نہیں تھے اور انھیں ان کی غیر حاضری میں موت کی سزا سنائی گئي۔

خیال رہے کہ محمد مرسی کو سنہ 2013 میں ان کے عہدے سے برطرف کیا گیا۔ اس سے قبل دوسرے عدالتی معاملات میں انھیں پہلے سے ہی عمر قید اور سزائے موت دونوں سنائی جا چکی ہیں۔اور ابھی ان سزاؤں کے خلاف اپیل کی جاسکتی ہے۔ واضھ رہے کہ یہ ‎سزائیں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے مصری عدلیہ کی سخت تنقید کے درمیان سنائیں گئی ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ عوامی مظاہروں کے  بعد دسیوں ہزار افراد کو مصری حکام نے قید و بند کی سزائیں دی ہیں اور ان میں سے زیادہ تر مرسی اور اخوان المسلمون کے حامی ہیں۔ موت کی سزا پانے والوں میں الجزیرہ کے عربی زبان کی خبروں کے سابق سربراہ ابراہیم ہلال اور گذشتہ سال تک نیوز کے لیے کام کرنے والے اعلی صبلان شامل ہیں۔


Share: